باغ (کاشگل نیوز)
ضلع باغ انتظامیہ نے گراں فروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر باغ راجہ محمد صداقت خان کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عفت اعظم، ڈی ایس پی فیض الرحمن عباسی، مال افسر سید قمر عباس کاظمی، ایس ایچ او رفاقت عباسی نے بازار کا دورہ کیا جہاں پر انڈووں کے گودام چیک کیے گئے اور انہیں ہدایت کی گئی کہ فوری طور پر انوائسیں مہیا کی جائیں جبکہ بازار میں انڈووں کا ہول سیل اور پرچون ریٹ خصوصی طور پر چیک کیا گیا۔
دوران چیکنگ انتظامی آفیسران نے مقررہ قیمت سے زائد قیمت پر بھاری جرمانے عائد کیے جبکہ زائد المعیاد اشیاء ضبط کر دی گئیں۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ضلعی آفیسران کا کہنا تھا کہ باغ کے اندر گراں فروشوں کی کوئی جگہ نہیں ہے ریٹس کے مطابق اشیاء فروخت نہ کرنے والے اب قانون سے نہیں بچ سکتے۔
رمضان المبارک میں غریب عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت کی واضح ہدایات کے مطابق آپریشن جاری ہے ۔
پرائس کنٹرول کمیٹی کیطرف سے جاری کردہ لسٹوں پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا انڈووں کا ہول سیل ریٹ مقرر شدہ ہے جس کی خلاف ورزی پر گاڑیاں ضبط ہوئی ہیں اور آج گودام بھی بند کروا کر انوائسیں طلب کر رکھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سبزی فروٹ سمیت ہر وہ چیز جو عام آدمی کے لیے مسئلہ بن رہی ہے اس پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور اسکے ریٹس کو کم کروانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاجران انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں کوئی بھی چیز مقررہ ریٹ سے زائد پر فروخت نہ کریں بصورت دیگر جرمانے کے علاوہ جیل بھی ہو سکتی ہے۔
عوام انتظامیہ کیطرف سے قائم کردہ کنٹرول رومز پر رابطہ کر کے شکایات درج کروا سکتے ہیں۔