مفت اور معیاری علاج مانگ تحریک پر پیپلز سرکلز کا انعقاد

رپورٹ:  الیاس کشمیری

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں گذشتہ روز12 مارچ کو ”مفت اور معیاری علاج مانگ تحریک“ پر پیپلز سرکلز کا انعقاد کیا گیا ہے۔

”مفت اور معیاری علاج مانگ تحریک“ کو لیکر اب تک 08 پیپلز سرکلز منعقد کئے گئے۔

ان منعقد ہونے والے سرکلز کا تنقیدی اور تعمیری جائزہ لینے کے لیے کلوز جائزہ سرکل کا انعقاد کیا گیا۔

جائزہ سرکل میں گزشتہ تمام سرکلز کا تنقیدی جائزہ لیا گیا۔

فرداً فرداً تمام دوستوں نے پیپلز سرکلز کے مختلف سیشنز، کمیٹیوں کے قیام کے عمل پر گفتگو رکھی۔

تمام دوستوں کی گفتگو اور رائے کے تناظر میں مستقبل میں پیپلز سرکلز کے طریقہ کار میں مزید بہتری اور پیپلز اسمبلیوں کی طرف بڑھنے کی حکمت عملی کو زیر بحث لایا گیا۔

علاج کے مسائل پر جاری تحریک کے مستقبل قریب اور مستقبل بعید کی حکمت عملی کے حوالے سے عوام کی نچلی پرتوں سے تجاویز اور سفارشات لینے کے طریقہ کار کے مختلف پہلووں کو زیر بحث لایا گیا۔

اس بحث کے نتیجے میں بہتر حکمت عملی مرتب کرنے پر اتفاق ہوا۔

رمضان کے مہینے میں پیپلز سرکلز کو جاری رکھنے کے لیے شیڈیول پر بھی گفتگو ہوئی اور شیڈیول کو اپنی اپنی وارڈ اور یونین کونسل کی سطح پر دوستوں سے مشاورت سے حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

تا ہم مورخہ 16 مارچ کو نعمانپورہ پیپلز سرکل کو منظم کرنے کے لیے وہاں کے دوستوں کو تجاویز دی گئیں جنھیں دوست انتظامی کمیٹی میں زیر بحث لایں گے۔

پیپلز سرکلز کے مقاصد پر گفتگو کرتے ہوئے دوستوں نے کہا کہ پیپلز سرکلز آگہی مہم ، اکثریتی عوام کو تحرک دینے، بحث مباحثے کے رجحان کو فروغ دینے اور عوام کو نچلی سطح پر کمیٹیوں میں منظم کرنے کا ذریعہ ہیں۔

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے فیصلہ 10 مئی تک وارڈ کی سطح کی تمام کمیٹیاں تشکیل دینے کے لیے بہترین عمل پیپلز سرکلز ہیں۔

پیپلز سرکلز کی سرگرمیوں میں وارڈ کی سطح تک ہر عمر کے لوگ بہت دلچسپی کیساتھ شامل ہو رہے ہیں، عوام کی اس دلچسپی کو تنظیم کی شکل میں منظم کرنے کا فن پیپلز سرکلز کے انعقاد کا متقاضی ہے۔

شرکا کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو محلوں کی سطح پر پیپلز سرکلز منظم کرنے کی سہی کرنا ہو گی اورعوام کی فتح تک جدوجہد جاری رہے گی۔