ریڑہ : کالج طلبا کا پرنسپل و اسٹاف کی عدم تقرری کیخلاف روڈ بلاک احتجاج کا عندیہ

باغ(کاشگل نیوز)

 

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے علاقے ریڑہ میں بوائز ڈگری کالج  کے طالب علموں سردار نجم امتیاز اور ان کے ساتھیوں نے ریڑہ میںپریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں حکومتی رویے سے مایوسی ہوئی ہے۔چھ ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے بوائز ڈگری کالج میں سٹاف حاضر نہیں ہو سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ادارہ بچانے کے لئے اپنا مستقبل داؤ پر لگا دیا مگر ہمارے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ہے ،چھ ماہ سے ہم گرلز ڈگری کالج میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ہمارا یونیورسٹی کے ساتھ الحاق گرلز ڈگری کالج سے ہوا ہے جب کالج کا قیام ممکن نہیں تھا تو ہمیں کیوں دھوکے میں رکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انجمن تاجران سول سوسائٹی کو بھی اس کی ذمہ دار سمجھتے ہیں جنہوں نے ہمارے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی پر چپ سادھ لی ہے۔ انچارج پرنسپل افتخار حیدر بانڈے کی کاوشوں کے باعث ہم نے ایک سمسٹر مکمل کیا ہے ان کے بھرپور تعاون پر انکا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔

ان کا مذید کہنا تھا کہ ایک ہفتے میں ہمارے مطالبات پورے نہ ہوئے اور سٹاف حاضر نہ ہوا تو دیگر طلباء تنظیموں تاجروں اور سول سوسائٹی کو لے کر احتجاجی دھرنہ دیں گے یا اس کالج سے مائیگریشن لے لیں گے۔