مظفرآباد(کاشگل نیوز)
حقائق کے خلاف خبروں کی اشاعت اور منفی پروپیگنڈہ پھیلانے کے الزام میں روزنامہ جموں کشمیر کے خلاف ایف آئی آر درج کرلیا گیاہے ۔
ایف آئی آر میں APC 505, 500/504, 489y/ 501 کی دفعات لگائی گئی ہیں ۔
ایف آئی آر میں ادارے کی جانب سے 26,28 کو شائع ہونے والی خبر کے متن کو جواز بنایا گیا ہے ۔
مقدمہ سیکشن آفیسر داخلہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
عوامی حلقو ں نے اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق اور وزیر داخلہ وقار نور کے حکم پر روزنامہ جموں کشمیر کے چیف ایڈیٹر عامر محبوب، گروپ ایڈیٹر راجہ کفیل احمد، ایڈیٹرشہزاد احمد راٹھور سمیت پوری انتظامیہ کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ اس وقت جب عامر محبوب کا بیٹا اسلام آباد میں شدید علالت کے باعث آپریشن کے مرحلے سے گزر رہا ہے۔ اس ایف آئی آر کا مقصد محترم عامر محبوب اور انکے ساتھیوں کے خلاف ذاتی انتقام لینا اور ذہنی اذیت سے دوچار کرنا ہے۔
عوامی حلقوں نے کہا کہ روزنامہ جموں کشمیر اخبار کا "جرم” عوامی ایکشن کمیٹی کی کوریج، رینجرز کے قیام کی خبر اور حکومتی پالیسیوں پر تنقید ہے۔
یاد رہے کہ روزنامہ جموں کشمیر ، روزنامہ سٹیٹ ویوز اور دی کوٹلینز اخبار پر موجودہ وزیراعظم اور انکی حکومت نے 20 ماہ سے پابندی بھی عائد کر رکھی ہے۔
سیکرٹریٹ تھانہ میں نمبر 64/25 کے تحت درج ایف آئی آر کی دفعات: 500، 501، 504، 489/Y – ہتک عزت، اشتعال انگیزی،امن عامہ میں خلل ڈالنے پر2 سال تک قید یا جرمانہ یا دونوں ہیں۔