یاسین میں تحفظ عوامی حقوق کنونشن بلانے کا اعلان

 

بلوچستان بلتستان کے علاقے یاسین میں عوامی ولیج کمیٹی برکولتی کا ایک اہم اجلاس زیرصدارت شیرنادرشاہی صدر ولیج کمیٹی و سابق امیدوار جی بی اے برکولتی یاسین میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں کابینہ کے زمہ داران کے علاوہ عوام برکولتی نے شرکت کی۔

اجلاس میں برکولتی سمیت یاسین کے اہم مسائل زیر بحث رہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر شیرنادرشاہی، نائب صدر زینت شاہ، سکرٹری فیض امان، نمبردار ہدایت ، سید مبین شاہ، اعجاز خان، حمید اللہ و دیگر نے کہا کہ محکمہ برقیات اور تحصیل انتظامیہ کی نااہلی سے برکولتی یاسین میں لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے املست میں اے کے آرایس پی کے زیرانتظام پانچ سو کلو واٹ پاور ہاوس کے افتتاح کے باوجود بھی محکمہ برقیات نے برکولتی کو اندھیرے میں رکھا ہوا ہے۔ محکمہ برقیات نے اپنی روش نہیں بدلا تو شدید احتجاج پر مجبور ہونگے۔

اجلاس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ خالصہ سرکار کے نام پرعوامی ملکیتی زمینوں پر قبضے کی مذمت کرتے ہیں۔ برکولتی یاسین سمیت گلگت بلتستان میں کوئی اراضی خالصہ نہیں بلکہ تمام زمینیں عوامی ملکیتی یے کسی طور قبضے کی ناجائز کوشش کی گئی تو شدید ردعمل آئے گا۔

مقررین نے مزید کہا کہ ایس کام کی ناقص نیٹ ورک کی وجہ سے طلبہ و طالبات اور فری لانسرز کی مستقبل داو پر لگنے کے خطرات ہیں۔ ایس کام اپنا مواصلاتی نظام کو بہتر نہیں کرسکتا تو دوسرے نیٹ ورکس کو عوام کو سہولیات پہنچانے کی اجازت دیں بصورت دیگر سم جلاو مہم کا آغاز کرینگے۔

اجلاس کے آخر میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اہم ایشوز کے حل کے لئے مئی میں "تحفظ عوامی حقوق کنونشن ” کا انعقاد کیا جائے گا جس میں یاسین سمیت گلگت بلتستان بھر کے مسائل پر بات ہوگی۔