ویمن یونیورسٹی باغ کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر / چانسلر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی ویمن یونیورسٹی باغ کے کانووکیشن میں شمولیت کے حوالے سے وائس چانسلر میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید کی زیرصدارت ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ۔
اجلاس میں کانووکیشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
کانووکیشن کی تیاری کے سلسلے میں بنائی گئی کمیٹیوں کے کنوینرز نے وائس چانسلر کو کانووکیشن کی تیاریوں پر بریفنگ دی اور بتایا کہ تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور پروگرام کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔جس پر وائس چانسلر نے اطمینان کا اظہار کیا اور ان کی کوششوں اور کاوشوں کو سراہا۔
ویمن یونیورسٹی باغ کا پانچواں کانووکیشن 17 اپریل بروز جمعرات سردار محمد حسین سپورٹس کمپلیکس باغ میں منعقد ہو رہا ہے جس میں صدر ریاست آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری بطور مہمان خصوصی اور چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان ڈاکٹر مختار بطور گیسٹ آف آنر شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ وزراء حکومت،اداروں کے سربراہان، سول سوسائٹی کے نمائندگان والدین اور طالبات شرکت کریں گی۔
کانووکیشن میں بی ایس627، ایم اے/ایم ایس سی 213 اور ایم فل کی 216 طالبات کو اسناد دی جائیں گی جبکہ 45 طالبات کو گولڈ میڈل دیئے جائیں گے۔
کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر طاہرہ بتول نے کہا کہ کانووکیشن کے دن طالبات اپنی رجسٹریشن فارم کی رسید یا اصل بنک چالان مع شناختی کارڈ ہمراہ لائیں جو کہ گیٹ پر انٹری کے دوران چیک کیے جائیں گے۔
بارہ سال سے کم عمر بچوں اور جن کی رجسٹریشن نہیں ہوئی انکا داخلہ ممنوع ہوگا۔صرف رجسٹرڈ طالبات اور رجسٹرڈ گیسٹ ہی انٹری گیٹ سے داخل ہو سکیں گے۔