یاسین(نمائندہ کاشگِل نیوز)
گلگت میں پرامن سیاسی کارکنان کی گرفتاری کے خلاف یاسین میں نوجوانان نے علامتی احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں گلگت میں عوامی ایکشن کمیٹی کی طرف سے 25 مئی کو گرینڈ قومی جرگہ کے انعقاد کے اعلان کے بعد مختلف سیاسی اسیران کی گرفتاری کے خلاف طاوس میں علامتی احتجاج کیا گیا۔
احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے عوامی ورکرز پارٹی کے جنرل سیکرٹری و ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری عوامی ایکشن کمیٹی شیرنادر شاہی، بی این ایف کے رہنما سراج بالاور، دیدار کریم ، سماجی رہنما ریاض ساقی، پی ٹی آئی کے رہنما آزاد ولی اور عوامی ورکرزپارٹی غذر کے رہنما تنویر ثاون نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کی گرینڈ جرگے سے حکومت بوکھلا ہٹ کا شکار ہوکر پرامن سیاسی کارکنان کا گھیرا تنگ کررہی ہے ۔ عرفان آزاد، نصرت حسین اور وقاص وکی کو فی الفور رہا کیا جائیں بصورت دیگر شدید احتجاج مظاہرے پر مجبور ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کی ملکیتی زمینوں اور معدنیات پر حکومت خالصہ سرکار کے نام پر غیرقانونی قبضہ کرنے کے درپے ہیں۔ عوام باہمی اتحاد و اتفاق سے اپنی سرزمین، پہاڑ اور معدنیات کی حفاظت کریں اور تنازعات سے بچنے کی کوشش کیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ حکومت عوامی زمینوں پر قبضے سے دور رہِیں بصورت دیگر عوام کی طرف سے شدید ردعمل آئے گا۔
مقررین نے کہا کہ یاسین کے عوام بالخصوص نوجوانان عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کی گرینڈ قومی جرگے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور کامیابی کے لئے اپنا کردار ادا کرینگے۔