کشمیر میں ٹی ٹی پی کے داخل ہونیکا دعویٰ، لوگوں کیلئے اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ

مظفرآباد (کاشگل نیوز )

 

سینئر وزیر و وزیر داخلہ آزادکشمیر کرنل (ر) وقار نور نے کہا کہ آزادکشمیر میں تحریک طالبان فتنہ الخوارج کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا ہے جو آزادکشمیر میں امن تباہ کرنا چاہتے تھے آزادکشمیر شدید خطرات میں ہے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشتگرد مختلف مقامات سے گرفتار کئے ہیں ۔

آئی جی پولیس رانا عبدالجبار نے منگل کے روز آزادکشمیر کابینہ کو ان کیمرہ بریفنگ دی ہے۔

پی آئی ڈی کمپلیکس میں دیگر وزا چوہدری محمد رشید، فیصل ممتاز راٹھور اور اکبر ابراہیم چوہدری و سیکرٹری اطلاعات آزادکشمیر سردار عدنان خورشید کے ہمراہ آزادکشمیر کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کرنل وقار احمد نور نے کہا کہ آزادکشمیر میں دہشتگردی کا خطرہ ہے تحریک طالبان پاکستان کے دہشتگرد مختلف مقامات سے گرفتار کئے ہیں دہشتگردوں کی تفتیش میں پورا نیٹ ورک سامنے آیا ہے۔ آزاد پتن پل پر اسلحہ سمیت پکڑے جانیوالے شخص کے ساتھ مزید چار افراد دہشتگردی کیلئے آئے تھے۔

چاروں افراد گاڑی سے پل عبور کرنے سے پہلے اتر گئے ان افراد نے کسی اور مقام پر آپس میں ملنا تھا اور آزادکشمیر میں دہشتگردی کرنا تھی دو خودکش دہشتگرد بھی آزادکشمیر داخل ہو چکے تھے اگر وہ لیڈ نہ ملتی تو آج شاید حالات مختلف ہوتے۔

آج وزیراعظم آزادکشمیر چودھری انوارالحق کی زیر صدارت کابینہ کو انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر نے بتایاکہ ہمارے خطے کے حالات کس جانب جا رہے ہیں ٹی ٹی پی نے آزادکشمیر کیلئے بھی ولایت/امارت بنا دی ہے اور اپنا گورنر بھی بنا دیا ہے ہم خطرے سے آگاہ ہیں ہماری پولیس اور خفیہ اداروں نے بروقت اقدامات اٹھائے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ دہشتگردآزادکشمیر داخل ہو چکے ہیں تمام ادارے مل کر اسے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں ریاست کے شہریوں عوامی ایکشن کمیٹی سے گزارش کر رہے ہیں حالات کی سنگینی کو سمجھا جائے صورتحال کا ادراک مل کر کیا جائے سستی بجلی آٹے کی آڑ میں کچھ لوگ فائدہ اٹھا رہے تھے۔

وزرا نے مزید کہا کہ جو حالات آج بنے ہیں انکے پیچھے یہ چیزیں نہیں ہیں جن کے بارے میں کچھ لوگ قیاس آرائیاں کرریے ہیں، پاکستان میں جو کچھ ہو رہا ہے کسی سے مخفی نہیں بلوچستان اور کے پی کے میں جس طرح لوگوں کو فنڈنگ باہر سے دشمن کررہا ہے وہی آزادکشمیر میں بھی سرگرم ہے۔

انھوں نے اس امر پر شدید افسوس کا اظہار کیا کہ آزادکشمیر میں اب کچھ عرصہ سے لفظ "غیر ریاستی” کو یہاں ہوا دی جا رہی ہے جو کہ غلط ہے میرا بیٹا پاک فوج میں میجر ہے تو کیا وہ غیر ریاستی ادارہ ہے؟ میرا بیٹا ریاست جموں وکشمیر کا اسٹیٹ سبجیکٹ ہولڈر ہے اور وہ افواج پاکستان میں فرائض سرانجام دے رہا ہے اس وقت پاک فوج میں دو تھری سٹار لیفٹیننٹ جنرل، 6 میجر جنرل اور 25 سے زائد بریگیڈیئرز کشمیری ہیں جسے یہ غیر ریاستی فوج کہتے ہیں، پاکستان میں ہمارا نوکریوں کا دوفیصد کوٹہ ہے پاکستان میں ہمارے مسلح افواج میں اعلی عہدوں پر لوگ ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں مسلح افواج ہماری ہیں اس طرح کا انتشار پھیلانے والے کسی طریقے سے ریاست کے خیر خواہ نہیں ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ فتنہ خوارج یہاں آرہا ہے ان کیمرہ سیشن پوری لا اینڈ آرڈر صورتحال پر آئی جی آزادکشمیر نے بریفنگ دی ہے وزیراعظم آزادکشمیر نے حالات کا مکمل جائزہ لیا ہے ہم نے عوام کی جان و مال کی حفاظت ہرقیمت پر کرنی ہے ۔

انھوں نے اعلان کیا کہ آج سے آزادکشمیر میں اسلحہ لائسنس پر عائد پابندی ہٹا دی ہے وزرا، سیاست دانوں ، اعلی شخصیات اور بیورو کریسی کو ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس دئیے جائیں گے جن عام شہریوں کو بھی جان کا خطرہ ہے وہ بھی درخواست دے سکتے ہیں ۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ انھوں نے دو کلاشنکوفوں کے لائسنس وزارت داخلہ سے حاصل کئے تھے مزید بھی ضرورت پڑنے پر لیں گے۔

وزیر حکومت چوہدری رشید نے کہا کہ ہم نے عوام کو سینسٹائز کرنا ہے دہشتگردی کو روکنے کیلئے اپنے لوگوں کو حقائق بتانے ہیں عوام محتاط رہیں معاشرے شہر میں ایسے افراد پر نظر رکھیں۔

وزیر حکومت فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ان کیمرہ سیشن میں آئی جی صورتحال بریفنگ دی سیکیورٹی خدشات دہشتگردی کا نیٹ ورک قائم کیا گیا عوام کو باخبر رکھنا ضروری تھا ریاست کو ایک پیج پر ہونا ضروری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے