مرکزی کور کمیٹی ایڈہاک و عارضی ملازمین کا روزگار بچاؤ تحریک چلانے کا فیصلہ

مظفرآباد ( کاشگل نیوز)

 

مرکزی کور کمیٹی ایڈہاک و عارضی ملازمین کے گزشتہ روز دارالحکومت میں منعقدہ اجلاس میں ریاست گیر روزگار بچاؤ کا لائحہ عمل طے کر لیا گیا۔

اجلاس میں 16 دسمبر 2024 کو محکمہ سروسز سے جاری ہونے والے اعلامیہ پر عملدرآمد نہ کئے جانے اور 18 مارچ کے حکومتی وعدے کو پورا نہ کئے جانے پر ایڈہاک و عارضی ملازمین نے 23 اپریل کو دارالحکومت مظفرآباد اور ریاست بھر کے ضلعی ہیڈ کواٹرز پر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے ۔

اجلاس میں سرپرست اعلی مرکزی کور کمیٹی راجہ اطہر علی خان ،صدر راجہ غلام جیلانی،سنئیر نائب صدر وقاص مغل،جنرل سیکرٹری محمد انصر مغل ،راجہ فیصل،ملک مشتاق،زبیر عباسی ،چوہدری شہزاد ،ضیاء الدین ضیاء ،عمر اعوان،راجہ وسیم منظور ،سرور چوہدری ،عبدالقیوم مغل ،محمد رفیق ،محمد فاروق ،خورشید مغل،سید آصف بخاری،سردار لعل حسین کاشف،بشیر الدین ،واجد علی،طاہر اقبال طاہر،راجہ واجد سمیت مختلف محکموں میں تعینات ایڈہاک و عارضی ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر مرکزی کور کمیٹی ایڈہاک و عارضی ملازمین کے رہنماؤں اور کارکنان نے مطالبہ کیا کہ حکومت آزاد کشمیر چار ہزار سے زائد ایڈہاک و عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کا وعدہ پورا کرے، حکومت آذاد کشمیر ایڈہاک ملازمین سے کیا ہوا وعدہ نبھانے میں چھ ماہ گزار چکی ہے لیکن مستقل ملازمت دینے میں کوئی سنجیدگی دکھائی نہیں دے رہی ۔

ان کا کہنا تھا کہ ملازمین نے جب طویل دھرنا دیا تو حکومت نے 45 دن کا وقت لیا اور چھ ماہ گزرنے کے باوجود بھی کوئی حل نہ نکال سکی اس دوران بہت سے ایڈہاک ملازمین ملازمت سے فارغ ہو گئے اور کچھ شدید ذہنی دباؤ لیکر دنیا سے چل بسے جن کے خاندان اس وقت انتہائی مشکل حالات سے دو چار ہیں۔