گلگت بلتستان: وکلا برادری کا عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ اور احتجاجی مظاہرے جاری رکھنے کا فیصلہ

گلگت(نمائندہ کاشگِل نیوز)

 

گلگت بلتستان بار کونسل ،سپریم اپیلیٹ کورٹ بار،ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کی نمائندوں کا متحدہ اجلاس اختتام پذیر ہوگیا۔

اجلاس میں وکلاء برادری نے حکومتی بے حسی پر شدید تنقید کی اور مطالبات ماننے تک عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ سمیت احتجاجی مظاہرے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہڑتال 26 اپریل تک جاری رہےگی۔

جبکہ اس سلسلے میں وکلا کی جانب سے کل اہم پریس کانفرنس ہوگی۔

دریں اثنا سابق صدر گلگت بلتستان ہیڈکوارٹرز بار ضلع گلگت مسٹر محمد کامران خان ایڈووکیٹ نے میڈیا کوبتایا کہ وکلاء مطالبات قانونی طور پر جائز اور حکومت کی ہٹ دھرمی سمجھ سے بالاتر ہے۔سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں گلگت بلتستان سے متعلق مقدمے کی بہترین وکالت کرنے پر چیئرمین گلگت بلتستان بار کونسل مسٹر منظور حسین ایڈووکیٹ جنرل،ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل مسٹر شجاعت حسین ڈار ایڈووکیٹ اور چیئرمین ایکزیکٹیو کمیٹی جی بی بار کونسل مسٹر اسداللہ خان بلال ایڈووکیٹ مبارکباد کے مستحق ہیں اور اس ضمن میں تمام وکلاء متحد و پرامید ہیں کہ بار عہدیداران متعلقہ ایوان میں گلگت بلتستان کے مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔