جموں کشمیر میں پولیس تشدد کیخلاف صحافی سراپا احتجاج ، اہلکار کی فوری گرفتاری کا مطالبہ

باغ ( کاشگل نیوز )

 

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں ارجہ پولیس کی جانب سے صحافی پر تشدد کے خلاف میڈیا ارکا ن سراپا احتجاج بن گئے۔

احتجاجی صحافیوں نے پولیس کوملوث اہلکارکی گرفتاری کے لئے 24 گھٹنے کی ڈیڈ لائن دیدی ۔ عدم گرفتاری پراحتجاج کا دائرہ کار ریاست بھر تک پھیلانے کا اعلان کیا ہے ۔

گزشتہ روز ارجہ کے مقام پر ورکنگ جرنلسٹ حسام خورشید پر پولیس تشدد اور ان کی فیملی کو گالم گلوج کرنے ، حبس بے جا میں رکھنے اور فیملی کو گالم گلوج کرنے و صحافتی زمہ داریوں سے روکنے پر صحافی برادری سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔

سول سوسائٹی و سیاسی جماعتوں کے قائدین و ٹریڈ یونین کے نمائندگان نے صحافیوں پر حملی سخت مذمت کرتے ہوئے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔

واقعہ کے ردعمل میں ورکنگ جرنلسٹ کا اجلاس مقامی ہوٹل پر ہوا۔

اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل جموں وکشمیر یونین آف جرنلسٹس , سردار طاہر احمد عباسی،سابق صدور پریس کلب زاہد گیلانی ،راجہ عبد الحفیظ ،شوکت تیمور ،ڈیجیٹل میڈیا کے ولید یاسین، ٹی وی جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر اظہر نذیر عباسی، سیکرٹری جنرل یونین آف جرنلسٹس ضلع باغ محمود راتھر، عامر علی سید، گلنواز خان، سرفراز مغل، طاہر گلزار، زاہد مغل، امان اللہ مانی، حسام خورشید، طاہر مغل، راجہ سجاد، طاہر عزیز اور دیگر نے شرکت کی ۔

صحافیوں کا کہنا تھا کہ ہمارا علاقہ غیر محفوظ ہوتا جارہا ہے۔ صحافی جو ہر مشکل وقت میں اپنے فرائض انجام دیتے ہیں انہیں صحافتی ذمہ داریاں ادا کرنے میں مسائل درپیش ہیں۔حکومت ورکنگ جرنلسٹس کو تحفظ فراہم کرے اور آزادی صحافت کے لیے اقدامات کرے ۔