اپنے حق کیلئے سراپا احتجاج مظاہرین و صحافیوں پر پولیس تشدد ناقابل قبول ہے، شوکت نواز میر

مظفرآباد ( کاشگل نیوز)

 

چیئرمین مرکزی انجمن تاجران مظفرآباد شوکت نواز میر نے پرامن مظاہرین اور مظاہرے کی کوریج پر موجود صحافیوں پر پولیس تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی تشدد سے پرامن مظاہرین اور صحافی زخمی ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئی شہری اپنے حق کے لئے پرامن احتجاج کرتا ہے تو ریاستی پولیس شاہ سے زیادہ شاہ کی غلامی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہتے عوام پر چڑھ دوڑتی ہے، اس عمل میں نہتے اور اپنے فرائض ادا کرنے والے صحافیوں کو بھی تختہ مشق بنایا جاتا ہے ایسا کب تک چلتا رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ بالخصوص پولیس اپنی اصلاح احوال کرے، ہر مسئلہ تشدد سے حل کرنے کی پولیس کی کوشش عوامی غیض و غضب کا باعث بن رہا ہے ، ایسا نہ ہو عوام بھی خود عدالتیں لگانا شروع کر دے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف غیرجانبدارانہ انکوائری عمل میں لائے اور آئندہ کے لئے پولیس کو عوام پر تشدد سے باز رکھے۔