عالمی یوم ِ مزدور : جے کے پی این پی کے زیر اہتمام امن ریلی،تربیتی نشست و تقریبات

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے علاقے باغ میں عالمی یومِ مزدور کے موقع پر جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی باغ کے زیرِ اہتمام گیاری چوک میں دیہاڑی دار مزدوروں میں پمفلٹ تقسیم کیے گئے۔ مزدوروں کی مشکلات اور تکالیف کے حوالے سے اُن سے گفتگو کی گئی۔ مزدورں کی نجات کا واحد حل اتحاد و جہدوجہد ہے۔

دوسرے مرحلے میں مزدوروں کے ساتھ مل کر جنگی حالات کے خلاف "امن ریلی” کا انعقاد کیا گیا جس میں امن کے پرچم (سفید پرچم) کے سائے تلے پارٹی کامریڈز سمیت دیگر محنت کش، مزدوروں نے شرکت کی۔

انقلابی نعروں کے ساتھ ریلی گیاری چوک سے ضلعی پارٹی دفتر آئی۔

تیسرے اور آخری مرحلے میں ضلعی دفتر میں تربیتی نشست بعنوان "مزدوروں کا عالمی دن اور سامراجی جنگی کیفیت” ہوئی جس میں شکاگو کے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

مزدوروں کے عالمی دن کی اہمیت، ان کے حقوق، ان کے مسائل، ان پر جبر و استحصال کرنے والے مقامی طبقے اور عالمی سامراجی قوتوں کے کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ محنت کش، مزدوروں کی غلامی کا واحد حل طبقاتی جڑت اور مستقل جہدوجہد ہے۔ جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی اس خطے کے مزدور طبقے کی واحد نمائندہ پارٹی ہے جو سائنسی بنیادوں پر محنت کشوں کے مسائل کا حل رکھتی ہے۔

عالمی یومِ مزدور کے موقع پر جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی دھوندار کے زیرِ اہتمام سٹڈی سرکل کا انعقاد کیا گیا جس میں مزدوروں کے عالمی دن کی تاریخ، مزدوروں کے مسائل، ان کی مشکلات اور موجودہ جنگی کیفیت پر گفتگو کی گئی۔

شکاگو کے شہداء کی جدوجہد اور مزدور کی عظمت کو سرخ سلام پیش کیا گیا۔