ناڑ (نمائندہ کاشگل)
پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے علاقے ناڑ میں عوامی ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں عوامی حقوق تحریک کے دوران درج کی گئی بوگس اور بے بنیاد ایف آئی آر پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ذمہ داران نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ پورے آزاد کشمیر میں عوامی حقوق تحریک سے متعلق تمام ایف آئی آرز ختم کی جا چکی ہیں، لیکن ایکشن کمیٹی ناڑ پر درج ایف آئی آر بدستور قائم ہے، جو ناانصافی کے مترادف ہے۔
کمیٹی نے اعلان کیا کہ اگر 5 مئی تک ایف آئی آر ختم نہ کی گئی تو 6 مئی کو ناڑ میں بھرپور عوامی احتجاج کیا جائے گا۔
ذمہ داران کا کہنا تھا کہ احتجاج پُرامن ہوگا، تاہم مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو آئندہ کا لائحہ عمل مزید سخت ہو سکتا ہے۔
اس سلسلے میں ایکشن کمیٹی ناڑ نے بارہ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو احتجاج کے لیے عوامی سطح پر رابطے کرے گی۔ اس کمیٹی کی سربراہی افتخار بھٹی کریں گے، جو احتجاج کی تیاریوں کی نگرانی اور عوامی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم کردار ادا کریں گے۔
ذمہ داران نے آخر میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئینی و قانونی دائرے میں رہتے ہوئے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے اور انصاف کے حصول تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
Post Comment