ہنزہ (نمائندہ کاشگِل نیوز)
ہنزہ ہوٹل ایسوسی ایشن ناصرآباد میں پیش آئے افسوسناک اور شرمناک واقعے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے ادارے آئی ایس آئی کا نام استعمال کرکے معصوم بچوں کو اغواء کرنے کی کوشش نہ صرف قانون و انصاف کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ ریاستی اداروں کی ساکھ کو مجروح کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی ہنزہ اپنی پُرامن فضا، مہمان نوازی اور مثالی نظم و ضبط کی وجہ سے پہچانی جاتی ہے۔ اس علاقے میں اس قسم کی مجرمانہ حرکت ناقابلِ برداشت اور ناقابلِ معافی ہے۔ یہ واقعہ صرف مقامی سطح پر نہیں بلکہ پورے خطے کی سلامتی اور امن کے لیے خطرہ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہم ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سنگین جرم میں ملوث تمام عناصر کو فوری گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے۔ تحقیقات شفاف، غیر جانبدار اور بلا تاخیر ہونی چاہیے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور مجرموں کو واضح پیغام دیا جا سکے کہ ہنزہ جیسے پُرامن علاقے میں کسی قسم کی قانون شکنی کی کوئی گنجائش نہیں۔
Post Comment