احسان ایڈووکیٹ و دیگر کی گرفتاری ریاستی استعماری پالیسیوں کا تسلسل ہے،واجد علی ایڈووکیٹ

 

جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں پارٹی سیکرٹری جنرل واجد علی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی گلگت بلتستان عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین احسان الحق ایڈووکیٹ اور دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ حاکم ریاست کا عوامی ایکشن کمیٹیGB کے رہنما احسان علی ایڈووکیٹ سمیت دیگر کی گرفتاری محکوم اقوام کے خلاف جاری استعماری پالیسیوں کا تسلسل ہے، جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست مظلوم اقوام کی عوامی جمہوری جدوجہد کو طاقت کے زور پر کچلنے کی پالیسی بند کرے اور زندانوں میں قید محکوموں کے رہنماؤں کو فوراً غیر مشروط رہا کرے۔

انھوں نے مزید کہا کہ جبر و تشدد سے حق اور سچ کی آوازوں کو کچلنا اس ریاست کا وطیرہ ہے، اب گلگت بلتستان سے لیکر نام نہاد آزاد کشمیر تک عوام باشعور ہو چکے ہیں اور خود کو منظم کر رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کے حقیقی عوامی رہنمائوں کو پابند سلاسل کرنا عوامی جمہوری حقوق کی آوازوں کو ریاستی طاقت سے کچلنے کی پالیسیاں ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو اس موقع پر گلگت بلتستان عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں کے حق میں منظم احتجاجی آواز بلند کرنی چاہیے تا کہ دونوں ایکشن کمیٹیوں کی جدوجہد کو مشترکہ عمل میں پرویا جا سکے۔