جہاد کے نام پر انسانی جانوں کا ضیاع ، انسانیت کی تذلیل ہے،رابعہ رفیق

جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کے رہنما رابعہ رفیق نے زرنوش اور جبران کی شہادت پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر میں مذہب کے نام پہ انسانی زندگیوں کے ساتھ خوب مہارت سے کھیلا گیا۔ مذہبی جماعتیں حاکم طبقے کے ہاتھوں کی کٹھ پتلیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمران طبقے یا اشرافیہ کو جب کوئی مقصد حاصل کرنا ہو تو نوجوانوں کو مذہب کے نام پہ اکسا کر بندوق تھما کر اپنا مقصد حاصل کر لیتے ہیں اور جب ضرورت نہ رہے یا وہ انسان ہاتھوں سے نکلنے لگے تو اسے ختم کر دیتے ہیں۔

رابعہ رفیق نے مزید کہا کہ جب مفاد حاصل کرنا ہو تو اِس جہالت کو جہاد کا نام دیتے ہیں اور جب ضرورت ختم تو وہی جہاد دہشت گردی بن جاتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ لوگوں کو سمجھنا ہو گا کہ یہ جہاد نہیں انسانی جانوں کا ضیاع ہے، دھوکہ ہے، فریب ہے، انسانیت کی تذلیل ہے۔ اگر اب بھی نہ سمجھنے تو آنے والے وقت میں زرنوش اور جبران جیسے ہزاروں معصوم نوجوانوں کو اس جہالت میں جھونکنے اور انہیں کھونے کے لیے تیار رہو۔