ہمارے توسط سے جاری کردہ کسی بھی بیان پر یقین نہ کیا جائے،والدین مقتول زرنوش

جموں کشمیر میں پاکستانی فورسز کی مبینہ کارروائی میں ہلاک ہونے والے نوجوانوں زرنوش نسیم اور جبران نسیم کے والدین راجہ محمد نسیم خان اور ان کی اہلیہ نے جموں کشمیر کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا ، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر ہمارے توسط(behalf) سے جاری کردہ کسی بھی بیان پر یقین نہ کریں ،اور نہ ہی اس کوآگے شیئر کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے علم میں یہ بھی آیا ہے کہ کوئی میٹنگ منعقد کی گئی ہے جس میں شاہ سے زیادہ شاہ کی وفاداریوں کا اظہار کیا گیا ہے حتیٰ کہ انکا شکریہ ادا بھی کیا گیا ہے۔ انتظامیہ، سیاستدانوں اور وزیروں مشیروں نے نہ پہلے کوئی دادرسی کی نہ ہی کوئی شنوائی ہوئی۔

اس لیے ہمیں بحیثیت ورثاء جو بھی لائحہ عمل طے کرنا ہو گا خاندان اور دل سے ساتھ دینے والوں کے ساتھ مشاورت کے بعد اعلان کریں گئے اور ہم اپنی آئی ڈی سے ویڈیو یا تحریری بیان جاری کریں گئے۔

فی الحال ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ دیانتدار، غیر جانبدار اور با جرات عدالتی کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے جو اس سارے وقوعہ کا آغاز سے انجام تک فیکٹ فائنڈگ کر کے عوام کے سامنے لائے۔

جو بھی حضرات اس نازک موقع پر ہمارے بیٹوں کے خون ناحق پر اپنی سیاست چمکا رہے ہیں ان سے ہمارا کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ہم اللہ کی ذات سے امید لگائے ہوئے ہیں اور وہی ہماری فریا دسن کر مدد اور رہنمائی کرنے والا ہے۔