جے کے پی این پی کا ضلعی کونسل سیشن،پونچھ کی ضلعی برانچ کا انتخاب

راولاکوٹ ( کاشگل نیوز)

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے علاقے راولاکوٹ میںجموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی پونچھ کے زیر اہتمام پارٹی ڈے کے موقع پر ضلعی کونسل سیشن کا انعقاد کیا گیا۔

کونسل سیشن میں پونچھ کی مختلف تحصیلوں سے پارٹی ممبران نے شرکت کی، باغ سے ضلعی صدر کرن کنول، ممبر سٹوڈنٹ کمیٹی ایمن نشاط، سابق ضلعی صدر اخلاق احمد اور سدھنوتی سے مرکزی سیکرٹری فنانس جبار کاشر ایڈوکیٹ سمیت دوستوں نے خصوصی شرکت کی۔

پہلے سیشن میں پونچھ کی ضلعی برانچ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جبکہ دوسرا سیشن "انقلابی پارٹی کی تعمیر” موضوع پر ہوا جس میں تمام کامریڈز نے سیر حاصل گفتگو رکھی۔

سیشن میں انقلابی پارٹی کی تعمیر کو لیکر خود تنقیدی کے ساتھ ساتھ مستقبل کی حکمت عملی پر بھی بحث ہوئی جس کے تناظر میں ضلع پونچھ اور پونچھ ڈویژن میں تربیتی عمل، سیاسی عمل اور عوامی تحریک میں پارٹی کے کردار کو لیکر حکمت عملی مرتب کی گئی۔

نو منتخب برانچ عہدیداران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی سطح پر پارٹی کی تعمیر کو لیکر ضلعی اور تحصیل کی سطح پر سٹڈی سرکلز منظم کریں گے اور تنظیم سازی کے عمل کو تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر منظم کریں گے۔

کونسل سیشن میں عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے اسیران کی گرفتاری ان پر قائم کیے گئے جعلی مقدمات اور پابند سلاسل کرنے کے ریاستی عمل کی شدید مذمت کی گئی اور اسیران کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

شیڈول فورتھ جیسے کالے قوانین کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس عوام دشمن قوانین کے فی الفور خاتمے کا مطالبہ کیا گیا۔

Share this content: