بالاکوٹ ( کاشگل نیوز)
پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے علاقے بالاکوٹ کے قریب دریائے کنہار میں بہہ جانیوالے سیاح کو 16 گھنٹے بعد زندہ نکال لیا گیا۔
گزشتہ روز کار حادثے میں دریائے کنہار مانسہرہ میں بہہ جانے والے گجرانوالہ کے سیاح کو ریسکیو کر لیا گیا۔16 گھنٹے گزرنے کے بعد زخمی سیاح کو نکال لیا گیا۔زخمی سیاح نے دریا میں موجود پتھر پر ساری رات گزاری۔
گزشتہ روز گوجرانوالہ سے آئے سیاحوں کی گاڑی دریائے کنہار میں گرگئی تھی، پولیس نے بتایا کہ 3سیاحوں کو گزشتہ روز ہی دریا سے نکال لیا گیا تھا جبکہ ایک سیاح دریامیں بہہ گیا تھا۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ بچ جانے والا سیاح 16گھنٹے دریا کے درمیان پتھروں کے درمیان پھنسا رہا۔
واضح رہے کہ حالیہ مون سون بارشوں کے دوران 26 جون سے 12 جولائی تک ملک بھر میں 49 بچوں سمیت 104 شہری ہلاک اور 200 زخمی ہوچکے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گزشتہ روز حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی، مالی اور جانی نقصان کی رپورٹ جاری کردی تھی۔
ہلاک ہونے والوں میں 49 بچے،37 مرد اور 18 خواتین شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے نے رپورٹ میں بتایا تھا کہ اب تک 200 افراد مختلف واقعات میں زخمی بھی ہوئے ہیں، زخمی ہونے والوں میں 78 مرد، 76بچے اور 46 خواتین شامل ہیں۔
Share this content:


