باغ میں بجلی کی کرنٹ لگنے سے بیل ہلاک

باغ ( کاشگل نیوز)

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے علاقے باغ میں محکمہ برقیات کی غفلت کے باعث غریب شہری کا قیمتی بیل کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا ۔

آج بروزجمعرات صبح آٹھ ساڑھے آٹھ بجے کے قریب ٹرانسفارمر کے پول کے قریب چرنے والا راجہ رضوان احمد کھکھہ سکنہ کیاٹ حال مقیم محلہ خواجگان امامیہ کالونی کا لاکھوں روپے کا بیل کرنٹ لگنے سے ہلاک ہو گیا۔

واضح رہے کہ بائی پاس روڈ سٹی ون نزد سابق وزیر تعلیم و صحت سردار قمر الزمان خان کے رہائش گاہ کے پاس محکمہ برقیات کا نصب کردہ ٹرانسفارمر عوامی جان و مال کے لئے خطرے کی علامات بن گیا ہے۔

آج سے چھ سات ماہ قبل رمضان المبارک میں بھی اس میں خرابی اور دھماکے کے نتیجہ میں وارڈ کیاٹ کے رہائشی راجہ نوید احمد کھکھہ کی لاکھوں روپے کی قیمتی گاڑی ( کیری ڈبہ) برقی شعلوں کی زد میں آ کر تباہ ہو گئی تھی جسکا کسی نے اذالہ تک نہیںکیا۔

یاد رہے کہ متذکرہ جگہ عوام کی گزر گاہ ہے جہاں سے دن رات انسانی آمد و رفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

باغ کے مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے متعلقہ حکام سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے مبادا کہ کل کوئی انسانی جان چلی جائے تو آس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اہلکاران پر ہو گی۔

Share this content: