پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے علاقے گڑھی دوپٹہ تھانہ کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون بلیک میلنگ، زیادتی اور مسلسل دھمکیوں سے تنگ آ کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے پر مجبور ہو گئی۔
متاثرہ خاتون نے گڑھی دوپٹہ پل سے اپنے بچوں سمیت چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی، تاہم موقع پر موجود شہریوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون اور بچوں کو بچا لیا۔
واقعے کے بعد متاثرہ خاتون نے سرینگر روڈ پر احتجاجاً دھرنا دے دیا، جس پر تھانہ گڑھی دوپٹہ پولیس موقع پر پہنچی اور خاتون کو بچوں سمیت تھانے منتقل کیا۔
خاتون کے مطابق، ایک شخص زکریا، جو کہ چھٹیاں کا رہائشی ہے، گزشتہ چار سالوں سے بلیک میلنگ، جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔ متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ اس شخص کے خلاف گڑھی دوپٹہ تھانہ، چوکی چھٹیاں، سٹی تھانہ ہٹیاں بالا اور دیگر متعلقہ اداروں میں متعدد بار درخواستیں دی گئیں، لیکن کسی بھی سطح پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
خاتون کا کہنا ہے کہ بلیک میلر کی مسلسل دھمکیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خاموشی نے اسے شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے اور وہ خود کو مکمل طور پر غیرمحفوظ محسوس کر رہی ہے۔
متاثرہ خاتون نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ شخص کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور اسے انصاف فراہم کیا جائے تاکہ وہ اور اس کے بچے محفوظ زندگی گزار سکیں۔
Share this content:


