مظفرآباد( کاشگل نیوز)
پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں کشمیرمیں چیف الیکشن کمشنر کی عدم تعیناتی کے خلاف دائر رٹ پٹیشن پر حکومت سے کل تک جواب طلب کرلیا گیا ہے۔
آئینی رٹ کی سماعت جسٹس سردار محمد اعجاز خان نے کی۔
درخواست گزار چوہدری محمد اعجاز کھٹانہ کی جانب سے راجہ سجاد ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت جسٹس سردار محمد اعجاز خان نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ ابھی تک چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیوں نہیں کی گئی اور الیکشن کمیشن غیر فعال کیوں ہے؟
اس پر ایڈووکیٹ جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن غیر فعال نہیں بلکہ اس کے ایک ممبر موجود ہیں۔
جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ معاملہ ممبر کی موجودگی کا نہیں، بلکہ چیف الیکشن کمشنر کی عدم تعیناتی کا ہے، جو اس رٹ پٹیشن کا اصل موضوع ہے۔
عدالت نے حکومت کو ہدایت کی کہ چیف الیکشن کمشنر کی عدم تعیناتی کی وجوہات آئندہ سماعت سے قبل عدالت کے روبرو پیش کی جائیں۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل 7 اگست تک ملتوی کر دی۔
Share this content:


