مظفرآباد ( کاشگل نیوز)
پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں کشمیر میں توانا عوامی آواز”جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے پیپلز پارٹی کی جانب سے بھارتی فنڈنگ کے الزامات پر شدید ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ کمیٹی نے ان الزامات کو بے بنیاد، غیر ذمہ دارانہ اور عوامی تحریک کو بدنام کرنے کی کوشش قرار دیکر اس کی شدید سرزنش کی۔
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر امتیاز اسلم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں عوامی حقوق کے لیے سرگرم جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں، بالخصوص چوہدری محمد یٰسین کی جانب سے حالیہ بیانات نہایت افسوسناک اور گمراہ کن ہیں۔ یہ کہنا کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی بھارتی فنڈنگ پر چل رہی ہے، ایک غلیظ اور جھوٹا الزام ہے جس کا مقصد عوامی تحریک کو بدنام اور کمزور کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم چوہدری یٰسین سے واضح مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ یا تو اس الزام کو ثبوت کے ساتھ ثابت کریں، یا پھر عدالت کے سامنا کرنے کے لیے تیار ہو جائیں اور عوام الناس و پاکستان پیپلزپارٹی کے سیاسی کارکن دیکھ لیں کہ جب ہم اپنے بنیادی حقوق کی بات کرتے ہیں تو یہ کرپٹ ونام نہاد حکمران طبقہ کس طرح کی سازشوں میں لگ جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کی مظلوم و محکوم عوام پر اتنی سنگین الزامات لگانے پر جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی ان کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کرے گی۔ ہم اس معاملے پر قانونی ماہرین سے مشاورت کر چکے ہیں اور تمام دستیاب قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔یہ حقیقت سب کے سامنے ہے کہ آٹا، بجلی کی قیمتوں میں کمی و جزوی ریلیف،جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی عوامی جدوجہد کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایکشن کمیٹی نے ہر مرحلے پر پُرامن احتجاج، مذاکرات اور آئینی راستہ اپنایا۔ہماری تحریک نہ کسی سیاسی جماعت کے خلاف ہے، نہ کسی مخصوص گروہ کے نمائندہ کے خلاف ہے بلکہ یہ ہر اُس فرد کی آواز ہے جس کو صحت ، تعلیم ، روزگار کی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے،جو میرٹ کی پامالی،تھانہ کلچر مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور معاشی بدحالی سے تنگ آ چکا ہے۔عوام ناجائز مراعات کا خاتمہ چاہتے ہیں جو ان کرپٹ و قاتل حکمرانوں کو پسند نہیں جس کی وجہ سے یہ طرح طرح کے الزامات لگاتے نہیں تھکتے پیپلز پارٹی کی قیادت سے گزارش ہے کہ وہ الزام تراشی کی بجائے عوام کے اصل مسائل پر توجہ دے۔
امتیاز اسلم نے کہا کہ اگر کسی کو جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے اختلاف ہے، تو وہ کھلے مباحثے میں آئیں — جھوٹے الزامات لگا کر تحریکوں کو دبانے کی سیاست اب نہیں چلے گی۔ ہماری تحریک پُرامن تھی، ہے اور رہے گی — لیکن اپنی عزت و وقار پر کسی کو سیاست چمکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بھارتی فنڈد کے سنگین الزامات لگانے پرپاکستان پیپلز پارٹی کے سیاسی کارکنوں نے بھی چوھدری یسین کے بیان کو بے بنیاد قرار دیکر نہ صرف مذمت کی بلکہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی حمایت کی یقین دھانی کروائی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ چوھدری یسین اور ان جیسے سیاسی نوسربازو کو متنبہ کرتے ہیں کہ اپنی رویش بدلیں بنگلا دیش و انڈونیشیا کی مثالیں مدنظر رکھیں۔ عوامی شعور اب اس نہج پر ہے کہ کوئی سازش یا پروپیگنڈہ انہیں مزید دھوکہ نہیں دے سکتا۔۔
آخر میں ان کا کہنا تھا کہ ریاست بھر کی عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ 29 ستمبر غیر معینہ مدت لاک ڈاؤن کی بھرپور تیاریاں جاری رکھیں اور 29 ستمبر کو اپنے گھروں سے نکل کر ان نوسر بازوں سے 78 سالہ استحصال کا انتقام لیں۔
Share this content:


