گلگت بلتستان کو ٹیکس فری زون قرار دینے کا مطالبہ

گلگت: کاشگل نیوز نامہ نگار

پاکستان کے زیر انتظام گلگت بلتستان میں بزنس ایسوسی یشن کے عادل بیگ نے تاجر ایکشن کمیٹی کی جانب سے سوست بارڈر پر تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری طبقے کے پرامن احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہنزہ اور گلگت بلتستان کے عوام کے اقتصادی مسائل کے حل کے لیے احتجاج ایک بنیادی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے مطالبے واضح اور دوٹوک ہیں جس میں سوست بارڈر پر عائد کیے گئے غیر آئینی اور غیر قانونی ٹیکسوں کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔ گلگت بلتستان کے تاجروں کے نمائندوں کے اس مسئلے کا مستقل اور حتمی حل یقینی بنایا جائے۔ خطے کی معیشت کے تحفظ، عوام کے روزگار کو بچانے اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے گلگت بلتستان کو مکمل طور پر ٹیکس فری زون قرار دیا جائے۔

عادل بیگ نے زور دے کر کہا کہ یہ ٹیکس عوام پر ایک غیر منصفانہ بوجھ ہیں جو خطے کی اقتصادی سرگرمیوں کو مکمل طور پر مفلوج کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام سے فوری اقدامات کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد میں اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

Share this content: