پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں کشمیر کے علاقے ہاڑی گہل میں عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔
ہاڑی گہل عوامی ایکشن کمیٹی ہاڑی گہل کا ایک اہم اجلاس زیرِ صدارت راجہ سبیل کشمیری منعقد ہوا جس میں عوام علاقہ کی کثیر تعداد نے بھرپور شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں کمیٹی کے اراکین نے حلف اٹھایا اور عوامی جدوجہد کے ساتھ وفاداری اور پُرامن مزاحمتی تحریک کے تسلسل پر عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ اجلاس جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی طرف سے دی گئی 29 ستمبر کی پہیہ جام و شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ اجلاس نے واضح کیا کہ جملہ عوامی مطالبات کی منظوری تک یہ جدوجہد کسی سمجھوتے کے بغیر جاری رکھی جائے گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ اجلاس پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری یاسین اور دیگر سیاست دانوں کی جانب سے عائد کردہ بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کو مسترد کرتا ہے اور حکومت کو یاد دلاتا ہے کہ وہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی فی الفور تکمیل کرے۔
اجلاس نے انجمن تاجران ہاڑی گہل اور ٹرانسپورٹ یونین ہاڑی گہل سے اپیل کی کہ وہ 29 ستمبر کی ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی مکمل قوت اور تعاون فراہم کریں تاکہ حکومت پر عوامی دباؤ مزید بڑھایا جا سکے۔ اجلاس میں عوامی ایکشن کمیٹی ہاڑی گہل کے مقامی چارٹر آف ڈیمانڈ کی بھی توثیق کرتے ہوئے اس پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا گیا۔
مزید برآں، اجلاس نے ایکشن کمیٹی کے وابستگان سے نظم و ضبط قائم رکھنے، پُرامن رہنے اور اتحاد برقرار رکھنے کی پرزور اپیل کی۔ طے پایا کہ ایک بھرپور ڈور ٹو ڈور عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی تاکہ ہر گھر تک کمیٹی کا پیغام پہنچے اور ہڑتال کو کامیاب بنایا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے مختلف علاقوں میں رابطہ کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو عوام کو متحرک کرنے میں فعال کردار ادا کریں گی۔
اجلاس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ جدوجہد ذاتی یا گروہی مفادات کے لیے نہیں بلکہ عوام کے بنیادی حقوق اور ان کے جائز مطالبات کے حصول کے لیے ہے۔ عوامی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور حکومت کو عوامی دباؤ کے سامنے جھکنا پڑے گا۔
اجلاس میں شریک رہنماؤں اور کارکنان میں نمایاں طور پر سردار رشید چغتائی، عبدالواحد، راجہ سہیل، راجہ ایاز، راجہ ممتاز، سردار مسعود، مسعود محمود، عاصم حبیب، عدنان خورشید، اعمار جاوید، راجہ ولید، عبدالمتین کاوش، ولید خالد، راجہ غفار، احتشام حبیب، حماس رئیس، کامران شاہ، شیخ جبار، جمیل بیگ، عمران خان، اعجاز نثار، طلعت محمود، مزمل ریاض رانا اخلاق شریف، حسین لال، صہیب زبیراور دیگر شامل تھے۔
Share this content:


