مظفرآباد(کاشگل نیوز)
مزدور یونین پی ڈبلیو ڈی(pwd) کے مرکزی سینئر نائب صدر عابد قریشی نے کہا ہے کہ آخر وہ دن کب آئے گا جب حکومت کی جانب سے مزدور کی تنخواہ 37ہزار لیے جانے پر عملدرآمد ہو گا۔
انہوں نے کہا دن بھر کڑکتی دھوپ میں یہ محنت کش کام کرتے ہیں مگر جب انہیں اجرت ملتی ہے تو دل کانپ جاتا ہے۔تمام سرکاری محکموں میں کنٹیجنٹ اور عارضی ملازمین تختہ مشق بنے ہوئے ہیں مگر ان کی حالت زار کسی کو دکھائی نہیں دیتی۔
ان کا کہنا تھاکہ امریکہ کے شہر شکاگو میں مزدوروں نے اپنے حقوق کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے تحریک میں اپنا نام زندہ کردیا اور مزدوروں کے لیے مشعل راہ بن گئے۔آج جو لوگ بلند و بانگ دعوے اور لمبی چوڑی تقریریں کرتے ہیں اس کے برعکس مزدوروں کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے جملہ ورک چارج ملازمین سمیت دیگر کی تنخواہ کم سے کم اپنے ہی اعلان کردہ اور جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کی جائے۔
Share this content:


