سکردو: گلگت بلتستان یونائیٹڈ موومنٹ کے سربراہ شبیر مایار کو ایک بار پھر انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے لیے گلگت جانے سے روک دیا گیا۔
اتوار کی صبح وہ سکردو سے گلگت روانہ ہوئے تھے تاہم کچورا چیک پوسٹ پر پولیس اہلکاروں نے انہیں گاڑی سے اتار کر سکردو سٹی تھانہ منتقل کردیا، بعدازاں انہیں کھرمنگ مہدی آباد چیک پوسٹ کے حوالے کر دیا گیا۔
شبیر مایار کا نام بدنام زمانہ شیڈول فور میں شامل ہے، جس کے باعث ان کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد ہے۔ کچھ عرصہ پہلے بھی انہیں لگاتار تین بار عدالت پیش ہونے سے روکا گیا تھا۔ ان کی مسلسل غیر حاضری پر عدالت نے گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے، تاہم جب عدالت کو بتایا گیا کہ پولیس انہیں ضلع سے باہر نہیں جانے دیتی تو عدالت نے ان کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا، جس کے بعد وہ پیش ہو سکے تھے۔
یاد رہے شبیر مایار تقریباً ایک سال سے اپنے گاؤں میں محصور زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور انہیں علاج معالجے کی سہولیات سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔
Share this content:


