مظفرآباد یونیورسٹی کے طلبہ کے مطالبات منظور، شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی شروع

مظفرآباد /کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد یونیورسٹی میں طلبہ کے احتجاج کے بعد انتظامیہ نے طلبہ کے بیشتر مطالبات منظور کر لیے ہیں۔

یونیورسٹی ذرائع کے مطابق چارٹر آف ڈیمانڈز میں شامل اہم نکات پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ احتجاج کے دوران فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ نامزد ملزمان کی جلد گرفتاری متوقع ہے۔

انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ یونیورسٹی کو ممکنہ طور پر پیر (Monday) تک بند رکھا جائے گا تاکہ حالات مکمل طور پر معمول پر لائے جا سکیں اور تمام معاملات بخیر و خوبی طے پا جائیں۔

طلبہ نمائندگان نے مطالبات کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام طلبہ سے اتحاد و نظم برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پرامن جدوجہد سے مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوئی ہے اور آئندہ بھی طلبہ اپنے حقوق کے لیے منظم اور پُرامن انداز اپنائیں گے۔

علاقے کی عوام اور سول سوسائٹی نے انتظامیہ کے بروقت اقدامات اور شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کے فیصلے کو سراہا ہے، جبکہ سیکیورٹی اداروں نے یقین دلایا ہے کہ یونیورسٹی کے ماحول کو پرامن رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

Share this content: