گلگت/ نمائندہ کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام گلگت بلتستان میں عوامی ایکشن کمیٹی کے زیرِ اہتمام آج بروزجمعہ کوگھڑی باغ میں ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں ایکشن کمیٹی کے رہنما نصرت حسین، قراقرم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے وائس چیئرمین میر بابر حسین اور قراقرم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن دیامر ڈویژن کے صدر شاکر حسین قراقرمی کی گرفتاری اور ان کے پولیس ریمانڈ میں مسلسل توسیع پر شدید رد عمل ظاہر کیا گیا۔
شرکاء نے تینوں گرفتار رہنماؤں کی فوری رہائی کے نعرے لگائے اور ان کی گرفتاری کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے یہ رہنما علاقے میں بنیادی سہولیات کی کمی اور شہری حقوق کی پامالی کے خلاف آواز اٹھانے کی وجہ سے نشانہ بنے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر گرفتار رہنماؤں کو رہا کرے اور ان پر قائم مقدمات ختم کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو احتجاج کو مزید پھیلایا جائے گا۔
احتجاج میں عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ مختلف جماعتوں کے کارکنوں اور رہنماؤں کے ساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے اپنے خطاب میں عوامی ایکشن کمیٹی کے گرفتار رہنماؤں اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
Share this content:


