باغ /کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے باغ میں کور ممبر جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی شوکت نواز میر نے وزیراعظم جموں و کشمیر کے استقبال کے موقع پر پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے جمعرات کے روز جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی باغ کی جانب سے قائم کردہ فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی سے تفصیلی ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں جانب سے حالیہ تنازع کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل کے لائحہ عمل پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی کے اراکین میں عامر ایڈووکیٹ، افضل کشمیری، راجہ رفعت رفیق، الیاس کشمیری، شعیب خالد اور عمر حیات عباسی شامل تھے جنہوں نے شوکت نواز میر سے پیش آنے والی صورتحال سے متعلق اہم سوالات کیے اور شواہد کا تبادلہ کیا۔
کمیٹی نے معاملے کی مکمل شفاف تحقیقات اور حقائق کو سامنے لانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
شوکت نواز میر نے اس موقع پر کہا کہ تحریک کے نظم و ضبط اور عوامی اعتماد کو برقرار رکھنا کمیٹی کی اولین ذمہ داری ہے، اور اُن کی جانب سے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور کمیٹی ممبران سردار عابد شاہین اور راجہ غلام مجتبیٰ کی مشاورت اور ان کی مکمل رضامندی سے منعقد ہوئی، جس کا مقصد تنظیم کے اندر پائی جانے والی غلط فہمیاں دور کرنا اور حقائق کی بنیاد پر متفقہ موقف مرتب کرنا تھا۔
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطابق فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی جلد اپنی رپورٹ مرتب کرکے تنظیمی فورمز پر پیش کرے گی جس کے بعد آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔
Share this content:


