پاکستانی کشمیر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، ناقص انٹرنیٹ اور صحافی کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے علاقے پونچھ کے سب ڈویژن تھوراڑ میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے بجلی کی بے جا لوڈشیڈنگ، انٹرنیٹ کی ناقص سروس اور صحافی سہراب برکت کی گرفتاری کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔

احتجاجی ریلی کی قیادت جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور کمیٹی ممبر سردار ارباب ایڈووکیٹ نے کی۔

ریلی نے تھوراڑ شہر کے مختلف حصوں کا چکر لگایا اور بعد ازاں محکمہ ترقیات تھوراڑ کے دفتر کا گھیراؤ کیا گیا، جہاں مظاہرین نے دفتر کو تالہ لگا دیا۔

اس موقع پر سردار ارباب ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے معاہدوں کی پاسداری نہیں کی جا رہی اور عوام کو دانستہ طور پر انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ناکامی اور صحافیوں کو ہراساں کرنا ناقابلِ قبول ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ روزانہ کی بنیاد پر صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک محکمہ برقیات کے دفتر کو اسی طرح تالہ بند رکھا جائے گا، جس کی نگرانی بزرگ شہری کریں گے، جبکہ نوجوان منگ کی جانب لانگ مارچ کریں گے۔ لانگ مارچ کے دوران منگ گریڈ اسٹیشن کا گھیراؤ کر کے وہاں دھرنا دیا جائے گا۔

سردار ارباب ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ یہ احتجاجی سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک عوام کے جائز مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے۔

Share this content: