پونچھ /کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے علاقے پونچھ میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) پونچھ ڈویژن اور پونچھ انتظامیہ کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد معاملات طے پا گئے، جس کے نتیجے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دیگر عوامی مسائل کے خلاف جاری تمام دھرنے ختم کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق مورخہ 16 دسمبر 2025 کو JAAC کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور دیگر مطالبات پر چارٹر آف ڈیمانڈ کے تحت ڈویژن بھر میں گریڈ اسٹیشنوں اور سرکاری دفاتر کی جانب لانگ مارچ و گھیراؤ کی کال دی گئی تھی۔ مختلف مقامات پر احتجاجی دھرنوں کے بعد پونچھ ڈویژن کے مختلف علاقوں کے نمائندگان پر مشتمل کمیٹی نے انتظامیہ پونچھ، محکمہ برقیات اور واپڈا کی مشترکہ کمیٹی سے مذاکرات کیے، جو کامیاب رہے۔
مذاکرات کے نتیجے میں 25 نکاتی معاہدہ طے پایا، جس کی اہم شقیں درج ذیل ہیں:
ارمنگ گریڈ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کا کام موقع پر ہی شروع کر دیا گیا۔
منگ، تھوراڑ اور ٹائیں فیڈرز کی اوور لوڈنگ کے حل کے لیے ایک ہفتے میں سروے مکمل کر کے قابلِ عمل تجاویز دی جائیں گی، جس کی نگرانی XEN برقیات پونچھ کریں گے۔
پلندری گریڈ اسٹیشن کو 10/13 سے اپ گریڈ کر کے 20/26 کر دیا گیا۔
راولا کوٹ گریڈ اسٹیشن کی استعداد 180 سے بڑھا کر 360 کر دی گئی، جبکہ مزید تین فیڈرز کی استعداد بڑھانے کے لیے سیٹیز کی تبدیلی کی جائے گی۔
راولا کوٹ میں دو نئے فیڈرز (ہور نہ میرہ اور چھوٹا گلہ) کی تنصیب کے لیے 4.7 ملین روپے کے تخمینے کی منظوری 16-12-2025 کو محکمہ مالیات سے مل گئی۔
پونچھ ڈویژن کے تمام سب ڈویژنز میں Reclaim کے تحت ٹرانسفارمرز کی فراہمی شروع کر دی گئی۔
میٹر فیس کے سرکاری نرخ دفاتر کی نمایاں جگہوں پر آویزاں اور سوشل میڈیا کے ذریعے تشہیر کی جائے گی۔
وفاقی حکومت کی 10 ارب روپے گرانٹ سے ٹرانسفارمرز و آلات کی منصفانہ اور ضرورت پر مبنی تقسیم کی جائے گی۔
شجاع آباد کے غیر فعال فیڈرز کے لیے ایک ہفتے میں سروے مکمل کر کے بحالی کے اقدامات ہوں گے۔
ٹرانسفارمرز کی مرمت کے نام پر غیر قانونی وصولیوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور اخراجات محکمہ خود برداشت کرے گا۔
چیف انجینئر برقیات کا دفتر مکمل طور پر فعال اور ڈویژن کی سطح پر کنٹرول ٹاور قائم کیا جائے گا۔
محکمہ برقیات میں بھرتیاں تھرڈ پارٹی ایکٹ کے تحت ہوں گی۔
لوڈ کے نام پر کمرشل نوٹسز سے چھوٹے تاجر و دکاندار مستثنیٰ ہوں گے۔
سمیرہ منڈول فیڈر سمیت مختلف زیرِ تکمیل منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں گے۔
ترار کل گرا اور دیگر گریڈ اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن جلد مکمل ہوگی۔
ریزا بائی پاس اور باغ تالے میں متاثرہ ٹاورز و تنصیبات کی مرمت کی جائے گی۔
راولا کوٹ شہر اور کھائینگلہ شہر کے لیے الگ الگ فیڈرز کی تجاویز ارسال کی جائیں گی۔
ضلع حویلی میں گریڈ اسٹیشن کے بجٹ کا تعین ہو چکا، باقی کارروائی جلد مکمل ہوگی۔
عمارات سے گزرنے والی برقی تاروں کی منتقلی کے اقدامات کیے جائیں گے۔
آٹے کی کوالٹی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے محکمہ خوراک عملی اقدامات کرے گا۔
موبائل ٹاورز کو بیٹری سولرز پر منتقل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جس سے موبائل سروس بہتر ہونے کی توقع ہے۔
کشمیری صحافی سہراب برکت کی گرفتاری کے معاملے کا جائزہ لیا گیا، جو اس وقت متعلقہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔
معاہدے کے بعد JAAC نے دھرنے ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ طے شدہ نکات پر عملدرآمد کی کڑی نگرانی کی جائے گی، جبکہ انتظامیہ نے وعدہ کیا ہے کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
یاد رہے کہ پونچھ ڈویژن میں بجلی کی بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، ناقص انٹرنیٹ سروس اور صحافی سہراب برکت کی گرفتاری کے خلاف جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کی جانب سے احتجاج کا آغاز کرکے شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال، گریڈ اسٹیشنوں کی جانب لانگ مارچ اور مرکزی شاہراہ پردھرنا دیاگیا تھاشدیدسردی میں رات تک جاری رہی۔
دھرنے میں ایکشن کمیٹی کے رہنما سردار عمر نذیر کشمیری نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے تھا کہ “ہم منزل تک جائیں گے اور ثابت قدم رہیں گے۔” ان کا کہنا تھا کہ میرپور اور مظفرآباد مکمل طور پر تیار ہیں اور ریاست گیر احتجاج کی کال بھی دی جا سکتی ہے۔
Share this content:


