باغ: بائیکیا ڈرائیورز کو اجتماعی مسائل کا سامنا،جدوجہد کیلئے یونین بنانے کا اعلان

باغ / کاشگل نیوز

پاکستان زیر انتظام مقبوضہ جموں کشمیر کے ضلع باغ میں بائیکیا چلانے والے محنت کشوں کی ایک اہم میٹنگ مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں بائیکیا ڈرائیورز کو درپیش اجتماعی مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں شریک محنت کشوں نے متفقہ طور پر اپنے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے منظم جدوجہد کا فیصلہ کرتے ہوئے بائیکیا یونین کے قیام کا اعلان کیا۔

میٹنگ میں بتایا گیا کہ بائیکیا یونین 19 ممبران پر مشتمل ہو گی جبکہ مستقبل میں مزید نمائندگی شامل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں یہ اصول طے پایا کہ اگر کوئی ممبر یونین کو وقت دینے میں ناکام رہے یا اجتماعی مسائل کے لیے جدوجہد کے معیار پر پورا نہ اترے تو اکثریتی بائیکیا محنت کشوں کو اسے واپس بلانے کا اختیار حاصل ہو گا۔

اس موقع پر عوامی ایکشن کمیٹی باغ کے ممبران عثمان کاشر، الیاس کشمیری، مستنصر خان اور سردار صوفیان خان بھی موجود تھے۔

عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے بائیکیا یونین کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ محنت کشوں کی اس جدوجہد میں وہ یونین کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

میٹنگ کے اختتام پر شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ بائیکیا سے وابستہ محنت کشوں کے جائز مطالبات کے حصول تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

Share this content: