باغ: طلبہ و طالبات کی فکری، تحقیقی اور عملی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیئے تربیتی ورکشاپ انعقاد

وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر باغ ڈاکٹر انیلہ کمال نے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا جامعات کا مقصد صرف ڈگری دینا نہیں ہے بلکہ یہ ایک ایسی نرسری ہے جہاں طلبہ و طالبات کی فکری، تحقیقی اور عملی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیئے مواقعے فراہم کیے جاتے ہیں ۔ اس مقصد کے حصول میں ورکشاپس اور سمینارز اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ورکشاپس میں آپ کو نہ صرف علم کو عملی شکل میں دیکھنے کا موقع ملتا ھے بلکہ جدید ٹیکنالوجی، سافٹ اسکلز، تحقیق کے طریقوں اور پیشہ ورانہ سکلز سے بھی آگاہی ملتی ھے۔ یہ سرگرمیاں آپ میں خود اعتمادی، ٹیم ورک اور مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت پیدا کرتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ورکشاپس اور سمینارز علمی تبادلے کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں جس سے طلباء و طالبات نئے خیالات سے روشناس ہوتے ہیں اور تحقیق کے نئے طریقے دریافت کرتے ہیں۔ آپ کے اندر مثبت تنقیدی سوچ پیدا ھوتی ھے اور سوال کرنے کی جرات اور حوصلہ پیدا ھوتا ھے۔ ورکشاپس اور سمینارز عملی زندگی کے لیے تیار کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کی سرگرمیوں کے مواقع بڑھانے اور کیریئر کی درست سمت متعین کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبات ایسی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور انہیں محض ایک رسمی پروگرام نہ سمجھیں بلکہ اسے اپنی کردار سازی اور مستقبل کی کامیابی کا ذریعہ بنائیں ۔

اس ورکشاب کو سینٹرفار انٹیگریٹڈ سوشل سائنسز ریسرچ اینڈ اینالیسس نے ایچ سی سی یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر کے تعاون سے مکمل کیا جس میں ریسرچرز اورفیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔

ایک روزہ ورکشاپ میں ڈاکٹر امجد یونس ، محمد شفیق خان اور ڈاکٹر شاھد حمید نے بحیثیت ٹرینر اپنی خدمات دیں۔

وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی باغ پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال نے شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے اور ریسرچ کے شعبہ میں بہتری کے لئے منتظمین کی کوششوں کو سراہتے ھوئے ھر طرح کے تعاون کی یقین دھانی کروائی ۔

Share this content: