پاکستانی کشمیر : ایکشن کمیٹی کے متحرک نوجوانوں کی نشست،حکومت مخالف موقف کی حمایت

کوٹھیاں باغ/کاشگل نیوز

عوامی ایکشن کمیٹی کوٹھیاں کے چند متحرک نوجوانوں کی بیٹھک کوٹھیاں کے مقام پر انعقاد پزیر ہوئی۔

بیٹھک میں عوامی تحریک میں جنوبی باغ بالخصوص کوٹھیاں کے عوام کے کردار کو زیر بحث لایا گیا۔ نیز عوامی تحریک کو لیکر حکمرانوں کی مسلسل بد عہدیوں اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مزاکرات سے باہر آنے کے اصولی عمل پر گفتگو کرتے ہوئے اس عمل کو جرات مند عمل قرار دیا گیا۔

صحت کارڈ کے اجراء کو لیکر تحریکی عوام کی جدوجہد کی کامیابی قرار دیتے ہوئے مفت اور معیاری علاج سمیت تعلیم اور روزگار کے مسائل پر پیش رفت پر سوالات جوابات اور بحث ہوئی۔

سہراب برکت کی بلاجواز گرفتاری اور بے بنیاد مقدمات کی مذمت کرتے ہوئے انھیں فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ دہرایا گیا۔

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے شہریوں کو بیرونی سفر سے روکنے آف لوڈ کرنے اور ای سی ایل ، پی سی ایل میں نام ڈالنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ریاست کے شہریوں کا معاشی قتل قرار دیا گیا اور فی الفور اس سلسلے کو بند کرنے اور ای سی ایل ، پی سی ایل سے شہریوں کے نام نکالتے ہوئے اس سلسلے کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

مزیدبرآں گلگت بلتستان میں شیڈیول فورتھ جیسے قوانین کو فی الفور ختم کرنے اور گلگت بلتستان کے سیاسی کارکنوں کی نقل و حرکت پر پابندی سمیت بے بنیاد مقدمات کی مزمت کی گئی اور ایسے قوانین اور مقدمات کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے انھیں ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

Share this content: