گلگت بلتستان: ہنزہ میں زلزلہ، لینڈ سلائیڈنگ سے املاک کو نقصان

ہنزہ / کاشگل نیوز

گلگت بلتستان کے علاقے چپورسن ویلی، ہنزہ میں آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریشت گاؤں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے متعدد مویشی خانوں اور چند رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔

اسی نوعیت کی اطلاعات شٹمرگ اور زودخون سے بھی موصول ہوئیں جہاں زلزلے کے جھٹکوں اور بعد ازاں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث املاک کو نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ذرائع کے مطابق خوف و ہراس کے باعث علاقہ مکین گھروں سے باہر نکل آئے اور احتیاطی تدبیر کے طور پر کھلے مقامات پر قیام پذیر ہیں۔

زلزلے سے پیدا ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث چپورسن ویلی روڈ بند ہو گئی ہے جس سے علاقے میں آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور بحالی کا عمل جلد شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

Share this content: