گلگت بلتستان میں آج زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی

گلگت / کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام گلگت بلتستان اور گرد و نواح میں پیر کی صبح 11 بج کر 21 منٹ پر 5.9 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کا مرکز کریم آباد سے تقریباً 49 کلومیٹر کے فاصلے پر بتایا جا رہا ہے۔

زلزلے کے جھٹکے نہ صرف پاکستان بلکہ تاجکستان، چین اور افغانستان کے سرحدی علاقوں تک محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے باعث گلگت، ہنزہ، نگر، سکردو اور ملحقہ علاقوں میں لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق بعض پہاڑی علاقوں میں گرد و غبار کے بادل اٹھتے دیکھے گئے اور چند مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے چھوٹے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق تاحال کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے ہائی الرٹ ہیں اور حساس علاقوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پہاڑی راستوں، لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات والے علاقوں اور ندی نالوں کے قریب غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

Share this content: