گلگت بلتستان: عوامی ایکشن کمیٹی کے اسیر رہنما نصرت حسین کی جیل میں طبیعت ناساز، اسپتال منتقل

گلگت/ کاشگل نیوز

عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے اسیر رہنما نصرت حسین کی مناور جیل میں طبیعت اچانک ناساز ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نصرت حسین گزشتہ کئی مہینوں سے مناور جیل میں قید ہیں اور دورانِ حراست ان کی صحت مسلسل خراب ہو رہی تھی۔

واقعے کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور مختلف سماجی و سیاسی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

رہنماؤں کا کہنا ہے کہ نصرت حسین کو درپیش طبی مسائل کے پیشِ نظر جیل میں رکھنا غیر انسانی عمل ہے۔

عوامی ایکشن کمیٹی اور سول سوسائٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ نصرت حسین کو فوری اور مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں فوراً رہا کیا جائے۔

رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسیر رہنما کی صحت کو مزید نظر انداز کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اختلافِ رائے کو جرم بنانا اور سیاسی کارکنوں کو قید میں رکھنا جمہوری اقدار کے منافی ہے، لہٰذا حکومت فوری طور پر اس معاملے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔

Share this content: