انڈیا کے ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار ایک فضائی حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
یہ حادثہ بدھ کی صبح بارامتی میں پیش آیا جب ایک چارٹر طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے کے قریب گر کر تباہ ہو گیا اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کے مطابق طیارے میں اجیت پوار کے علاوہ چار دیگر افراد سوار تھے جن میں دو کریو ممبر اور پوار کے دو معاون شامل تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں کسی کے زندہ بچنے کی امید نہیں ہے۔
اجیت پوار کے نجی معاون انیل ڈھیکلے نے اس حادثے کی تصدیق کی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ حادثہ صبح 8 بج کر 48 منٹ پر لینڈنگ کے دوران پیش آیا۔ اجیت پوار کے سکیورٹی گارڈ بھی طیارے میں موجود تھے۔
یہ چارٹر طیارہ VTSSK، LJ45 ماڈل کا تھا جو ممبئی سے بارامتی جا رہا تھا۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اجیت پوار کے طیارے حادثے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’اس واقعہ کی مناسب تحقیقات کی ضرورت ہے‘۔
انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’اجیت پوار جی ایک مضبوط رہنما تھے جن کا عوام سے گہرا تعلق تھا۔ وہ ایک محنتی شخصیت کے طور پر بڑے پیمانے پر قابل احترام تھے جو مہاراشٹر کے لوگوں کی خدمت کرنے میں پیش پیش رہتے تھے۔‘
انھوں نے مزید لکھا کہ ’انتظامی معاملات کی ان کی سمجھ اور غریبوں اور پسماندہ لوگوں کو بااختیار بنانے کا ان کا جذبہ بھی قابل ذکر تھا۔ ان کی ناگہانی موت نہایت صدمہ انگیز اور افسوسناک ہے۔ ان کے خاندان اور بے شمار چاہنے والوں سے اظہار تعزیت۔‘
مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انیل دیشمکھ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے رو پڑے اور کوئی جواب نہیں دے سکے۔
کانگریس لیڈر پرمود تیواری نے خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’طیارہ حادثے کی تصویریں بہت ہی چونکا دینے والی ہیں۔ میں اجیت پوار کی موت پر اپنے دکھ کا اظہار کرتا ہوں۔‘
شیو سینا کی راجیہ سبھا ایم پی پرینکا چترویدی نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ ’یہ بہت افسوسناک خبر ہے۔ اگرچہ میرے ان کے ساتھ بہت سے معاملات پر اختلافات تھے، لیکن وہ ایک بہت ہی مخلص اور محنتی شخص تھے۔‘
Share this content:


