کوٹلی: جے کے این ایس ایف کے 25ویں مرکزی کنونشن کے موقع پر ریلی

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر کوٹلی میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (جے کے این ایس ایف) کے 25ویں مرکزی کنونشن کے موقع پر ایک بھرپور اور منظم ریلی نکالی گئی، جس کے مناظر نے شہر کو نوجوانوں کے جوش و جذبے سے بھر دیا۔

ریلی پاکستانی کشمیر کے مختلف اضلاع سے آنے والے ہزاروں طلباء اور نوجوانوں کی شرکت سے کوٹلی شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزری۔

شرکاء نے تنظیمی پرچم تھامے، نعرے لگاتے ہوئے شہر کا چکر مکمل کیا۔

ریلی کا اختتام فرحان میرج ہال کوٹلی میں ہوا، جہاں مرکزی کنونشن کے لیے پنڈال سجایا گیا ہے۔

اس موقع پر فرحان میرج ہال میں ہزاروں نوجوان موجود ہیں، جبکہ کنونشن کے پہلے سیشن کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ پہلے سیشن میں تربیتی نشست جاری ہے، جس میں تنظیمی امور، طلباء کے مسائل اور آئندہ لائحہ عمل پر رہنمائی دی جا رہی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق تربیتی نشست کے اختتام کے بعد تنظیم کی مرکزی کابینہ کے چناؤ کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔

کنونشن میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کی شرکت کو تنظیمی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Share this content: