برگل و کوچدہ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج، اشکومن پونیال روڈ بلاک

گلگت/ کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام گلگت بلتستان کے غذر کے بالائی علاقے برگل و کوچدہ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کے باعث لوگوں نے اشکومن پونیال روڈ بلاک کردیا۔

گزشتہ تین دنوں سے برگل اور کوچدہ گاؤں میں شدید غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری رہی، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صورتحال کے خلاف برگل و کوچدہ کے عوام نے اشکومن پونیال روڈ بلاک کر کے بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئی نیا افسر تعینات ہو کر آتا ہے تو وہ بغیر مناسب تحقیق، ضروری پیپر ورک اور علاقے کی سابقہ صورتحال کو سمجھے بغیر برگل و کوچدہ کی بجلی منقطع کر دیتا ہے، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ عوام نے واضح کیا کہ بار بار بجلی کی بندش علاقے کے ساتھ کھلی ناانصافی ہے۔

احتجاج کے دوران مظاہرین نے محکمۂ بجلی میں تربیت یافتہ اور پیشہ ور عملے کی کمی کو بھی ایک سنگین مسئلہ قرار دیا۔ تین گھنٹے طویل احتجاج کے بعد بالآخر برگل اور کوچدہ، دونوں جڑواں دیہات کی بجلی بحال کر دی گئی۔

اس تمام صورتحال میں علاقے کا مجسٹریٹ مکمل طور پر غیر حاضر رہا، تاہم ایس ایچ او ضمان اور چٹورکھنڈ پولیس نے ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کے نمائندوں سے مسلسل رابطہ رکھا اور مسئلے کے حل میں اہم کردار ادا کیا۔

دریں اثنا، برگل کوچدہ یوتھ نے کل دوپہر ایک بجے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دے کر عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

برگل یوتھ نے اپنے حق کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہونے پر کوچدہ یوتھ اور معزز عمائدینِ علاقہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

Share this content: