مظفرآباد/کاشگل نیوز
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر وی وی آئی پی موومنٹ کے باعث دارالحکومت مظفرآباد کے اندرونِ شہر ٹریفک کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا، جبکہ پیدل چلنے والے شہریوں کی نقل و حرکت پر بھی سخت پابندیاں عائد رہیں۔
کاشگل نیوز نامہ نگار کے مطابق اندرونِ شہر کے مختلف چوکوں اور چوراہوں پر پاکستانی افواج کے مسلح جوان تعینات نظر آئے۔ پریس کلب مظفرآباد سے دومیل اور سیکرٹریٹ جانے والے تمام اہم راستے تقریباً دو گھنٹے تک مکمل طور پر بند رہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق اس دوران ایمرجنسی سروسز کو بھی استثنیٰ نہ دیا گیا اور ایمبولینسز تک کو مذکورہ روٹس پر رسائی حاصل نہ ہو سکی، جس پر شہری حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
شہریوں نے صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کے دن پر عوام کو گھروں میں محصور کر کے اور شہر کو عملی طور پر بند کر کے یکجہتی منانا سمجھ سے بالاتر ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ وی وی آئی پی موومنٹ کے نام پر قیود و شب گردی جیسی صورتحال نافذ کر دی گئی، جس سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہوا۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ ایسے مواقع پر سیکیورٹی انتظامات کو عوام دوست بنایا جائے تاکہ عوام کے لیے سہولت اور یکجہتی کی علامت بن سکیں، نہ کہ مشکلات اور پابندیوں کا سبب۔
Share this content:


