بلوچستان کے ضلع خضدار میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ایک ہندو تاجر سمیت 3 افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔
خضدار پولیس کے ایک اہلکار وہاب بلوچ نے بتایا کہ ان افراد کو خضدار کے علاقے نال میں حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
اہلکار کے مطابق ہلاک اور زخمی افراد کا تعلق ضلع خضدار کے علاقے وڈھ سے ہے جو کہ پکنک کی غرض سے نال میں ہڑنبو ڈیم کے علاقے میں گئے تھے۔
انھوں نے بتایا کہ اس علاقے میں نامعلوم مسلح افراد آئے اور انھوں نے ان افراد پر فائرنگ کی۔
ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ان میں سے تین افراد ہلاک ہو گئے جبکہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس اہلکار کے مطابق مارے جانے والے افراد میں ایک ہندو تاجر بھی شامل ہے جن کی شناخت ملّومل کے نام سے ہوئی ہے۔ دوسرے دو افراد کی شناخت عبدالرشید اور عبدالصبور کے ناموں سے ہوئی ہے۔
وہاب بلوچ کا کہنا تھا کہ زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ان افراد پر حملے کے محرکات معلوم نہیں ہو سکے اور اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ان افراد پر حملے کے خلاف وڈھ میں ان کے لواحقین اور دیگر افراد نے کوئٹہ اور کراچی کے درمیان شاہراہ کو بطور احتجاج بند کردیا۔
Share this content:


