مظفرآباد /کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں اہم تقرری کرتے ہوئے ریٹائرڈ چیف جسٹس غلام مصطفیٰ مغل کو چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین کشمیر کونسل اور وزیر اعظم پاکستان سیکرٹریٹ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق غلام مصطفیٰ مغل اس سے قبل آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور قانونی و عدالتی امور میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کی بطور چیف الیکشن کمشنر تقرری کو آئندہ انتخابات کے شفاف اور منظم انعقاد کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ نئی تقرری سے انتخابی نظام کو مزید مضبوط بنانے اور جمہوری عمل کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے بھی اس فیصلے پر ردعمل سامنے آنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق نو تعینات چیف الیکشن کمشنر جلد اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے اور الیکشن کمیشن کے جاری امور کا جائزہ لیں گے۔
Share this content:


