گلگت : نوجوان لڑکی کو اغواء کی کوشش،علاقے میں شدید غم وغصہ

گلگت / کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام گلگت بلتستان کے علاقے نگر سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان لڑکی کو مبینہ طور پر اغواء کرنے کی کوشش کو مقامی افراد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا اور شہری بڑی تعداد میں جمع ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم افراد لڑکی کو زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کر رہے تھے کہ قریبی لوگوں نے شور سن کر مداخلت کی، جس پر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر فوری ردعمل نہ دیا جاتا تو کوئی بڑا سانحہ پیش آ سکتا تھا۔

واقعے کی مذمت کرتے ہوئے نگر یوتھ فیڈریشن کے سابق صدر راجہ جنید کہانی نے نگر کی عزت عزت اور غیرت پر حملہ قرار دیتے ہوئے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ نگر یوتھ آرگنائزیشن نے اپنے بیان میں اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے۔

تنظیم کے رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ملزمان کی گرفتاری اور شفاف تحقیقات میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برتی گئی تو نگر کے عوام بھرپور اور آئینی احتجاج کریں گے۔

شہریوں نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت حکمت عملی اپنائی جائے۔

تاحال پولیس کی جانب سے واقعے سے متعلق باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم ذرائع کے مطابق تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Share this content: