سال 2025 میں 129 صحافیوں کا قتل تین دہائیوں کی بلند ترین تعدادہے، سی پی جے

صحافتی شعبے کی بین الاقوامی تنظیم Committee to Protect Journalists (سی پی جے) نے کہا ہے کہ 2025 میں دنیا بھر میں 129 صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کو قتل کیا گیا، جو گزشتہ 30 برسوں کے دوران بلند ترین سالانہ تعداد ہے۔

بدھ کے روز جاری کی گئی ایک سالانہ رپورٹ کے مطابق یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب صحافیوں کی ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا۔

اس تنظیم کا کہنا ہے کہ دو تہائی سے زائد ہلاکتوں کی ذمہ داری اسرائیلی فورسز پر عائد ہوتی ہے۔ ان اموات کا پس منظر غزہ کی جنگ ہے۔

سی پی جے کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر جوڈی گنزبرگ نے ایک بیان میں کہا، ”ایسے وقت پر جب مستند معلومات تک رسائی پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ اہم ہو چکی ہے، صحافیوں کو بڑی تعداد میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔“

انہوں نے مزید کہا کہ جب صحافی اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے مارے جاتے ہیں، تو درحقیقت پوری دنیا متاثر ہوتی ہے۔

اس رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ حکومتیں صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں، تاکہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو درپیش مسلسل بڑھتے ہوئے خطرات کو روکا جا سکے۔

Share this content: