گلگت : کامریڈ میر بابر کو ہراساں کرنے پر قراقرم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کا احتجاج

گلگت / کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام گلگت بلتستان میں قراقرم نیشنل موومنٹ اور قراقرم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (KSO) دنیور نے پولیس اسٹیشن کی جانب سے KSO کے وائس چیئرمین کامریڈ میر بابر کو بلاجواز ہراساں کرنے کے عمل کی شدید مذمت کی ہے۔

ایک مشترکہ بیان میں تنظیموں کے ترجمان نے کہا کہ کامریڈ میر بابر ایک پرامن اور باضمیر سیاسی کارکن ہیں جو ہمیشہ عوامی حقوق اور تعلیمی مسائل کے حل کے لیے متحرک رہے ہیں۔ پولیس کی جانب سے انہیں مسلسل تنگ کرنا اور دھمکانا سیاسی انتقام کے سوا کچھ نہیں، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دنیور پولیس کی خاتون SDPO اپنی طاقت کا غلط استعمال کر کے پرامن سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنانے کے بجائے اپنی توجہ ان دہشت گرد عناصر اور فرقہ پرست قوتوں کے خلاف مرکوز کرے جو علاقے کے امن کے لیے مستقل خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ یہ بات انتہائی تشویشناک ہے کہ پولیس اپنی اصل ذمہ داریوں کو فراموش کر کے سیاسی کارکنوں کے تعاقب میں لگی ہوئی ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں۔

ہم انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کامریڈ میر بابر کے خلاف جاری انتقامی کارروائیاں فوری طور پر بند کی جائیں اور ہراساں کرنے والے افسران کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اگر اس جبر اور ہراسانی کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو قراقرم نیشنل موومنٹ اور KSO مشترکہ طور پر احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ پولیس حکام پر عائد ہوگی۔

Share this content: