غندوس / کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام گلگت بلتستان کے علاقے غندوس میں ریاستی ایجنسیوں کی کارکردگی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
نمازِ جمعہ کے اجتماع میں امام جمعہ و جماعت غندوس، میر واعظ غندوس کھرمنگ آغا سید علی عباس رضوی نے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان میں بعض ایجنسیوں کی کارکردگی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مقامی علماء کرام، زائرین اور عوامی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے افراد کے خلاف مبینہ طور پر غلط اور بے بنیاد رپورٹس تیار کر کے ارسال کی جارہی ہیں، جو حقیقت کے منافی اور علاقے کے مفادات کے خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی فرد نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے عدالتوں میں پیش کیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ بغیر ثبوت افراد کو شیڈول فورتھ میں شامل کرنا، ای سی ایل میں نام ڈالنا یا دیگر انتظامی اقدامات کے ذریعے ذہنی دباؤ ڈالنا انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے۔
میر واعظ نے شبیر مایار کو علاج و معالجے کی سہولت نہ دینے پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ یہ اقدام کس قانون کے تحت کیا جارہا ہے؟
خطاب کے اختتام پر انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔
Share this content:


