گلگت بلتستان: ہوپر میں سڑک 4 روز سے بند، عوام کوشدید مشکلات کاسامنا

گلگت / کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے علاقے ہوپر کے مقام پر سڑک گزشتہ چار دنوں سے بند ہونے کے باعث بالائی علاقوں کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق شیڈول کے تحت سڑک کو صرف دو دن کے لیے بند کیا جانا تھا، تاہم مقررہ وقت گزرنے کے باوجود تاحال سڑک کھولنے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔

سڑک کی بندش کے باعث علاقے میں اشیائے ضروریہ کی ترسیل متاثر ہوئی ہے جبکہ مریضوں اور مسافروں کو بھی سخت پریشانی کا سامنا ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور متعلقہ ٹھیکیدار کی جانب سے بروقت بحالی نہ ہونے پر عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

عوام نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے سڑک کو جلد از جلد بحال کیا جائے تاکہ معمولات زندگی بحال ہو سکیں۔

Share this content: